اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون و اندرون ملک موجود فتنہ عناصر کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وطن پر قربان ہونے والے میجر عدنان اسلم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ کل راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں شہید کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ شہید کے والدین اور بہنوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ ہمارے ملک کی اصل طاقت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ “جو بندوق اور توپ کے سامنے کھڑا ہوتا ہے، اس کی کیفیت کوئی نہیں جان سکتا۔ ہمیں اپنی افواج، شہداء اور غازیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ عناصر سوشل میڈیا پر افواج اور ریاستی اداروں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، جو ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے۔ “ہمیں اس پروپیگنڈے کے فتنے کی مکمل بیخ کنی کرنا ہوگی، اور اس کا خاتمہ آخری حد تک جا کر کرنا ہوگا۔”
وزیراعظم نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک میں ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تقریباً 1000 افراد سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں۔ پنجاب کے بعد اب سیلاب سندھ میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ فصلوں اور املاک کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر کابینہ میں پیش کیا جائے تاکہ متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے حالیہ دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے، جس میں زراعت، صنعتی سرمایہ کاری اور خصوصی اقتصادی زونز شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبوں میں 85 فیصد سرمایہ کاری چین کرے گا جبکہ پاکستان کا حصہ 15 فیصد ہوگا۔ این ڈی آر سی کے آئندہ اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ چین کے ساتھ ساتھ امریکہ کی کمپنیوں کے ساتھ بھی مختلف معاہدے (ایم او یوز) سائن کیے گئے ہیں۔ “ہم نے چین کے ساتھ بھی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے اور امریکہ کے ساتھ بھی اچھے تعلقات بنانے ہیں، تاکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے مواقع بڑھیں۔”
وزیراعظم نے قطر میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں نہتے بچوں، خواتین اور بزرگوں کا قتل عام انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ انہوں نے امیر قطر سے رابطے میں رہنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔