نیویارک: 1888 میں اپنا پہلا کیمرہ فروخت کرنے والی مشہور کمپنی کوڈیک نے اپنی تازہ ترین مالی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ اسے اپنے آنے والے قرضوں کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی کے پاس 500 ملین ڈالر کے قرض کی ادائیگی کے لیے کافی مالی وسائل یا نقد رقم موجود نہیں ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، کوڈیک نے اپنے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے ریٹائرمنٹ پینشن پلان کی ادائیگی روک دے گا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کا کاروبار امریکی مارکیٹ میں مضبوط ہے اور ٹیرف کے اثرات اس پر کم ہوں گے کیونکہ اس کی کئی مصنوعات امریکہ میں تیار ہوتی ہیں۔
کوڈیک کے سی ای او، جِم کانٹینیزا نے کہا ہے کہ کمپنی طویل المدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، لیکن کاروباری ماحول میں غیر یقینی صورتحال موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے کوئی مناسب حل نکل آئے گا۔
کمپنی کے شیئرز میں گزشتہ دنوں 25 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔