– Advertisement –
لاہور/بیجنگ۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں محتسب کے ادارے گڈ گورننس،قانون کی حکمرانی اور موثر انتظامیہ کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہیں اور عوامی سہولت کے لیے شکایات کے مفت و فوری ازالے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔وہ چین کے شہر نانجنگ میں منعقدہ ایشین امبڈسمین ایسوسی ایشن (اے او اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 26 ویں سالانہ اجلاس اور جنرل اسمبلی کے18ویں اجلاس سے بطور صدر خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں پاکستان سمیت آذربائیجان، چین،ہانگ کانگ،ایران،جاپان،کوریا، تتارستان اور ترکی کے محتسب اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔وفاقی محتسب نے اپنے خطاب میں کہا کہ محتسب ادارے عوامی شکایات کے حل کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی خدمات کی بہتری اور نظام کی اصلاح میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے محتسب اداروں کے درمیان بہترین طریقہ کار اور تجربات کے زیادہ سے زیادہ تبادلے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں گزشتہ سال کے دوران ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد میں اے او اے سیکرٹریٹ کے تحت قائم ریسورس سینٹر کو مزید اپ گریڈ کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس کے بعد عوام الناس کی سہولت کیلئے محتسب اداروں کے کردار کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں ایشیائی خطے سمیت دیگر ممالک کے وفود نے شرکت کی۔
– Advertisement –
اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ محتسب ادارے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ایک صحت مند معاشرتی ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے عالمی محتسب برادری اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان مستقل بنیادوں پر خیالات اور تجربات کے تبادلے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانی ترقی تمام ترقیاتی کوششوں کی بنیاد ہے۔
– Advertisement –