واشنگٹن:لمبی عمر اور صحت مند زندگی کا راز تلاش کرنا ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب ہر شخص تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے، مگر ابھی تک اس راز کا کوئی حتمی جواب نہیں ملا۔ تاہم، ایک خاتون نے دنیا بھر میں اپنی 117 سال کی عمر کی بدولت شہرت حاصل کی ہے، اور ماہرین نے ان کی طویل عمر کا جائزہ لے کر مختلف نتائج اخذ کیے ہیں۔
ماریہ برانیاس موررا، ایک امریکی خاتون جن کی عمر 117 سال سے زائد تھی، کو دنیا کی سب سے عمر رسیدہ خاتون قرار دیا گیا۔ وہ 4 مارچ 1907 کو امریکہ میں پیدا ہوئیں اور اسپین میں مقیم تھیں۔ ماریہ برانیاس نے 19 اگست 2024 کو 117 سال اور 168 دن کی عمر میں وفات پائی۔ ان کی طویل عمر کو ان کے جوان خلیات اور صحت بخش مائیکرو بایوم (جسم میں موجود مفید بیکٹیریا) سے جوڑا گیا ہے۔
ماہرین طبی نے ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا، جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ماریہ کے جسم کے خلیات کی عمر ان کی اصل عمر سے بہت کم تھی، اور یہی وجہ تھی کہ وہ 117 سال تک زندہ رہیں۔
بارسلونا میں جوزپ کیریرس لیوکیمیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنسدانوں کی سربراہی میں کی گئی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ ماریہ کے پاس ایسے خلیات تھے جو ان کی اصل عمر سے بہت کم عمر کے تھے۔ اس تحقیق کے نتائج کو اب انسانوں کی عمر بڑھانے کے لیے بایو مارکرز تجویز کرنے اور عمر کے حوالے سے ممکنہ حکمت عملیوں کی تشکیل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ماریہ برانیاس کی مجموعی صحت بہت اچھی تھی، اور ان کے دل کی صحت بھی بہترین تھی، جس کے ساتھ جسم میں سوزش کی مقدار بھی کم تھی۔
ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ ماریہ کی طویل عمر میں ان کی خوراک کا بھی اہم کردار ہو سکتا ہے، خاص طور پر دہی کا زیادہ استعمال۔ اس کے علاوہ، ان کی طویل عمر جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔