لوئس وٹان کا انوکھا انداز ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا رکشہ طرز کا ہینڈ بیگ متعارف

لوئس وٹان کا انوکھا انداز ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا رکشہ طرز کا ہینڈ بیگ متعارف

پیرس:پیرس کے مشہور و معروف فیشن ہاؤس “لوئس وٹان” نے اپنے امیر صارفین کے لیے ایک منفرد طرز کا ہینڈ بیگ متعارف کرایا ہے، جو دیکھنے میں بالکل رکشے جیسا لگتا ہے اور اس کی قیمت پاکستانی ایک کروڑ 20 لاکھ روپے (تقریباً 42 ہزار امریکی ڈالر) رکھی گئی ہے۔

فیشن کی دنیا میں اعلیٰ معیار اور تخلیقی ڈیزائن کے لیے پہچانے جانے والے اس فرانسیسی برانڈ نے جون کے آخر میں مردوں اور خواتین کے لیے کئی جدید طرز کے ہینڈ بیگز، جوتے، اور ملبوسات پیش کیے۔ ان میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا بیگ وہ ہے جو ظاہری شکل میں مکمل طور پر ایک رکشہ کی صورت رکھتا ہے۔

اس ہینڈ بیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف رکشے کے پہیے اور فرنٹ اسکرین کا ڈیزائن شامل ہے بلکہ اس کے اندرونی حصے میں بھی متعدد خانے موجود ہیں تاکہ استعمال میں سہولت رہے۔ بیگ پر لوئس وٹان کا روایتی اور مشہور لوگو بھی نمایاں انداز میں موجود ہے، جو اس کی قیمت میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی ہینڈ بیگ کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئی ہیں، اور صارفین دلچسپ تبصرے کر کے اپنی حیرت اور تفریح کا اظہار کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لوئس وٹان نے اس بار نہ صرف فیشن کی دنیا میں جدت پیدا کی ہے بلکہ ثقافتی علامتوں کو لگژری آئٹمز میں شامل کر کے ایک نیا رجحان بھی قائم کیا ہے۔