لاٹری جیتنے والا شوہر کروڑوں لائیو سٹریمر پر لٹا بیٹھا بیوی نے عدالت سے رجوع کر لیا

لاٹری جیتنے والا شوہر کروڑوں لائیو سٹریمر پر لٹا بیٹھا بیوی نے عدالت سے رجوع کر لیا

شوہر کا جیتے گئے پیسے سے پرتعیش زندگی اور سٹریمر پر بے دریغ خرچ، بیوی نے دھوکہ دہی اور طلاق کا مقدمہ دائر کر دیا

بیجنگ: چین میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب ایک شخص نے لاٹری جیتنے کے بعد کروڑوں روپے کی خطیر رقم ایک لائیو سٹریمر خاتون پر خرچ کر دی، جس پر اس کی بیوی نے ناراض ہو کر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

چینی میڈیا کے مطابق، مذکورہ شخص نے 17 دسمبر کو 10.17 ملین یوان (تقریباً 1.4 ملین امریکی ڈالر) کی لاٹری جیتی۔ ابتدائی طور پر اس کی بیوی  جسے میڈیا میں یوان کے نام سے شناخت کیا گیا ہے  اپنے شوہر کی اس خوش قسمتی پر خوش تھی، اور شوہر نے اسے ایک بینک کارڈ بھی دیا جس میں مبینہ طور پر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے (تقریباً 4.2 لاکھ امریکی ڈالر) موجود تھے۔

تاہم، جلد ہی صورتحال نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔ شوہر کا طرزِ زندگی اچانک تبدیل ہو گیا۔ وہ جوا کھیلنے میں مشغول ہو گیا اور شب و روز مختلف لائیو سٹریمرز کو بڑی بڑی رقمیں بطور ٹپ دینے لگا۔ رپورٹ کے مطابق، اس نے ایک سٹریمر خاتون کو 1.2 ملین یوان (تقریباً 168,000 امریکی ڈالر) بطور تحفہ دے دیے، اور بعد میں اس کے ساتھ ایک چار روزہ سفر پر بھی روانہ ہوا۔

یوان نے جب دونوں کو ریلوے اسٹیشن پر دیکھا تو معاملہ کھل کر سامنے آ گیا۔ اس کے بعد اس نے شوہر کے چیٹ ریکارڈز کی جانچ کی، جن میں وہ سٹریمر کو “ہنی” اور خود کو “ہببی” کہہ کر مخاطب کر رہا تھا۔ مزید یہ کہ جس بینک کارڈ کا ذکر ہوا تھا، وہ خالی نکلا اور بیوی کو جھوٹ بول کر دھوکا دیا گیا تھا۔

یوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا“تم نے مجھ پر ظلم کیا، میں نے ہمیشہ تمہارا ساتھ دیا، کیا تمہارا کوئی ضمیر نہیں؟ اگر یہ لاٹری نہ جیتی ہوتی تو شاید یہ سب کچھ کبھی نہ ہوتا۔شوہر نے اس تمام معاملے پر خاموشی اختیار کی اور صرف اتنا کہا کہ:

“پیسہ خرچ ہو چکا ہے، اب معاملہ عدالت میں ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق، اگر عدالت میں ثابت ہو جائے کہ شوہر نے ازدواجی اثاثے بلااجازت غیر معمولی حد تک خرچ کیے ہیں، تو بیوی اس رقم کی واپسی کا دعویٰ کر سکتی ہے۔یہ واقعہ چینی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے