بیجنگ : بیوٹی فلٹرز کے سہارے لاکھوں فالوورز بنانے والی چینی انفلوئنسر کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ایک لائیو سیشن کے دوران ٹیکنالوجی نے دھوکہ دے دیا۔ فلٹر اچانک ہٹ جانے سے خاتون کی اصل شکل سامنے آ گئی، جس کے نتیجے میں ان کے ایک لاکھ 40 ہزار فالوورز نے فوری طور پر کنارہ کشی اختیار کر لی۔
انفلوئنسر اپنے فالوورز کے ساتھ گفتگو میں مصروف تھیں کہ اچانک سافٹ ویئر کی خرابی نے ان کا وہ بیوٹی فلٹر ہٹا دیا جو ان کی جلد کو جوان اور بے داغ دکھاتا تھا۔ سکرین پر اصل چہرہ اور عمر کے اثرات نمایاں ہوتے ہی ناظرین دنگ رہ گئے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس نے مداحوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔
واقعے کے فوری بعد جہاں فالوورز کی تعداد میں حیرت انگیز کمی دیکھی گئی، وہیں لائیو سٹریمنگ کے دوران ملنے والے مہنگے ڈیجیٹل تحائف اور ڈونیشنز کا سلسلہ بھی تھم گیا۔ بہت سے صارفین نے کمنٹس میں اسے “ڈیجیٹل دھوکہ دہی” قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے آن لائن دنیا کا ایک تلخ سچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلٹرز کا استعمال اب معمول بن چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ چین کی اربوں ڈالر کی لائیو سٹریمنگ انڈسٹری میں ‘صداقت’ کے حوالے سے ایک نئی بحث کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان تمام لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو سوشل میڈیا پر نظر آنے والی مصنوعی خوبصورتی کو حقیقت تسلیم کر لیتے ہیں۔ اس واقعے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آن لائن شہرت جتنی تیزی سے ملتی ہے، ایک چھوٹی سی فنی خرابی اسے اتنی ہی تیزی سے چھین بھی سکتی ہے۔