قدیم مصری مقبرے سے 4 ہزار سال پرانا انسانی ہاتھ کا نشان دریافت

قدیم مصری مقبرے سے 4 ہزار سال پرانا انسانی ہاتھ کا نشان دریافت

برطانیہ : قدیم مصر کے ایک مقبرے سے ملنے والی تاریخی شے پر چھپا ہوا انسانی ہاتھ کا نشان بالآخر دریافت کر لیا گیا۔ یہ حیران کن اور نایاب دریافت اُس وقت سامنے آئی جب اس قدیم نوادراتی چیز کو نمائش کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔

کیمبرج کے فٹزولیم میوزیم کے ماہرِ آثارِ قدیمہ (ایجپٹولوجسٹ) کے مطابق، غالب امکان ہے کہ یہ نشان اُس شخص کا ہے جس نے یہ مٹی کا ماڈل تیار کیا تھا، اور یہ نشان اُس وقت لگا جب اس نے اسے خشک ہونے سے پہلے چھوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہاتھ کا نشان تقریباً چار ہزار سال پرانا ہے، جو ماضی کے ایک کاریگر کی براہ راست موجودگی کا نشان ہے۔

میوزیم کی سینئر ایجپٹولوجسٹ ہیلن اسٹرڈوک کا کہنا تھا کہ پہلے کبھی تابوتوں یا دیگر اشیاء پر رنگوں یا سجاوٹ کے دوران انگلیوں کے نشانات دیکھے گئے ہیں، لیکن کسی مکمل ہاتھ کا نشان ملنا انتہائی نایاب اور دلچسپی کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دریافت اس کاریگر کی تخلیق کا لمحہ محفوظ کرتی ہے، جو ہزاروں سال پہلے مٹی کے اس ماڈل کو شکل دے رہا تھا۔