فیفا کے سیکرٹر ی جنرل میتھیاس گراف اسٹروم کا صدر گیلانی کی قیادت پر اعتماد، ایک سالہ پیش رفت کو سراہا

فیفا کے سیکرٹر ی جنرل میتھیاس گراف اسٹروم کا صدر گیلانی کی قیادت پر اعتماد، ایک سالہ پیش رفت کو سراہا

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے پیر کو زیورخ میں فیفا ہیڈکوارٹر (ہوم آف فیفا) میں فیفا کے سیکرٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹروم سے نہایت مفید ملاقات کی۔فیفا کے سیکرٹری جنرل نے قومی ویمنز فٹبال ٹیم کی فیفا سیریز میں شاندار کامیابی پر پی ایف ایف صدر کو مبارکباد دی۔ پی ایف ایف کے صدر نے فیفا کے صدر اور سیکرٹری جنرل کا پی ایف ایف کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات کے دوران فٹبال گورننس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ انفراسٹرکچر منصوبوں کو پی ایف ایف کی ترجیحات میں شامل رکھا گیا۔ پی ایف ایف کے صدر نے گزشتہ چند ماہ کے دوران پی ایف ایف کی سرگرمیوں اور اقدامات پر مبنی رپورٹ بھی فیفا کے سیکرٹری جنرل کو پیش کی۔فیفا کے سیکرٹری جنرل نے پی ایف ایف کی قیادت پر مکمل اعتماد اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں فٹبال کے روشن مستقبل کے منتظر ہیں۔