غصے سے بھرے ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں پر شہد کی مکھیاں چھوڑ دیں

غصے سے بھرے ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں پر شہد کی مکھیاں چھوڑ دیں

میڈرڈ  : اسپین میں ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بوڑھے ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر شہد کی مکھیاں چھوڑ کر حملہ کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اسپین کے ایک نواحی علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھے۔

واقعہ اس وقت شروع ہوا جب اہلکاروں نے ایک گاڑی کو بغیر سیٹ بیلٹ چلانے پر روکا۔ گاڑی سے شراب کی بو محسوس ہونے پر پولیس نے ڈرائیور سے سانس کا ٹیسٹ (بریتھ لائزر) کرنے کو کہا، جس پر ڈرائیور طیش میں آ گیا۔ پہلے ٹیسٹ کے بعد جب دوسرا ٹیسٹ کرنے کی بات ہوئی تو ڈرائیور نے دھمکیاں دینی شروع کر دیں۔

ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب معلوم ہوا کہ ڈرائیور شہد کی مکھیاں پالنے والا ہے۔ اس نے وین کے پچھلے حصے سے مکھیوں کا چھتا نکال کر پولیس اہلکاروں پر چھوڑ دیا۔ چونکہ اہلکاروں کے پاس مکھیوں سے بچاؤ کے لیے کوئی حفاظتی لباس موجود نہیں تھا، وہ فوراً قریبی ریسٹورنٹ کی طرف بھاگے جہاں عام شہریوں نے ان کی مدد کی کوشش کی۔

مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ پولیس اہلکاروں کو کئی مکھیوں نے کاٹ لیا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور کے خلاف مختلف الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جن میں حملہ، پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنا اور شراب پی کر گاڑی چلانا شامل ہیں۔