– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، عوام کی سہولت کے لئے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجراء کیا جائے گا،پہلے سے درخواست دہندگان کو آر ایل این جی پر منتقلی کا آپشن بھی دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں،ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔ منگل کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میجر عدنان اسلم شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی، اللہ تعالیٰ پاکستان کو اس جنگ میں سرخرو کر ے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں،ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں اور اب بہت جلد حالات قابو میں آتے نظر بھی آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کی طرف سے یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا صوبوں کی مشاورت سے نقصانات کی اسسمنٹ کرا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے اور اس کے ازالہ کے لئے جو امداد وفاقی حکومت کے ذمہ آئے گی وہ اس کے اوپر بھرپور کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ضروریات اور تقاضے کو مد نظر رکھتے ہوئے 2021 سے نئے گیس کنکشنز پر پابندی کو ختم کر کے عوام کی سہولت کے لئے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجراء کیا جائے گا، یقیناً ایل پی جی مہنگا ترین سورس ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مارکیٹوں میں اپنے خالی سلنڈروں کو اٹھا کر جانا پڑتا تھا، غیر معیاری سلنڈرز سے حادثات بھی ہوتے ہیں، عوام کی تکالیف کے پیش نظر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ امپورٹڈ گیس، آر ایل این جی کے لئے کنکشنز کا اجرا کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہوگی،پہلے سے درخواست دہندگان کو آر ایل این جی پر منتقلی کا آپشن بھی دیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کے خلاف انتھک محنت کے ساتھ قابو پایا ہے ، اس اقدام سے عوام کومزید ریلیف ملے گا۔وفاقی وزیر علی پرویز نے کہا کہ وہ توانائی کے وزیر کے طور پر یہ وعدہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم اس چیز کے اوپر پرعزم ہے کہ پاکستان کے اندر توانائی کا جو کرائسز ہے جس میں آر ایل این جی کی سرپلس صورتحال ہے، بجلی کی وافر مقدار میں موجودگی کا جو معاملہ ہے ہم گورننس اور اپنی ان سیکٹرز میں استحکام لاتے ہوئے اس پر قابو پائیں گے، مقامی گیس کی دریافت کے لئے ہم ایک بڈ راؤنڈ مکمل کر چکے ہیں، دوسرا بڈ راؤنڈ انشاءاللہ تعالی ٰ بہت جلد مکمل ہوگا۔دنیا بھر سے کمپنیوں کو لا کر ہم مقامی گیس آن شور اور آف شور کے بھرپور وسائل برو ئے کار لانے کی کوشش کریں گے تاکہ آہستہ آہستہ یہ آر ایل این جی سے بھی چھٹکارا حاصل کر کے مقامی ایندھن فراہم کر کے لوگوں کے لئے مزید آسانی کا باعث بن سکیں۔
– Advertisement –