دنیا کا چھوٹا ترین گھوڑا گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل

دنیا کا چھوٹا ترین گھوڑا گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل

جرمنی: جرمنی میں رہنے والا تھیراپی گھوڑا “پوموکل” کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے چھوٹا زندہ گھوڑا قرار دیا ہے۔ اس گھوڑے کا قد صرف 21.1 انچ ہے۔

کیرولا ویڈمان نامی خاتون کے مطابق، انہوں نے 2020 میں پوموکل کو گود لیا تھا جب یہ صرف 5 ماہ کا تھا اور اس کا قد تقریباً 18 انچ تھا۔ کیرولا نے کہا کہ جب میں نے پوموکل کو پہلی بار دیکھا تو مجھے حقیقتاً حیرانی ہوئی کیونکہ اس سے پہلے میں نے اتنا چھوٹا گھوڑا کبھی نہیں دیکھا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پوموکل کے قد کی تصدیق کی، جو کہ اس کے کاندھوں سے گردن کے بالکل اوپری حصے تک ناپا گیا اور 21.1 انچ نکلا۔ یہ گھوڑا پستہ قامت ترین ریکارڈ ہولڈر سے تقریباً ڈیڑھ انچ چھوٹا ہے۔

پوموکل ایک تربیت یافتہ تھیراپی گھوڑا ہے جو نرسنگ ہومز، ہوسپیسز، اسکولوں اور معذور افراد کی سہولتوں کا دورہ کرتا ہے۔ گود لینے والی خاتون کا کہنا تھا کہ پوموکل ایک خوش مزاج گھوڑا ہے جو بچوں کے ساتھ کھیلنا پسند کرتا ہے اور اسے پیار، کھجانے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بننا بہت پسند ہے۔