جاپان  کی  نئی بابا وانگا کی پیشگوئیاں عالمی سطح پر سیاحوں میں خوف کی لہر دوڑگئی

جاپان  کی  نئی بابا وانگا کی پیشگوئیاں عالمی سطح پر سیاحوں میں خوف کی لہر دوڑگئی

ٹوکیو:جاپان کی معروف مانگا آرٹسٹ ریو تاتسوکی کی حالیہ پیشگوئی نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑادی ہے، جس کے بعد جولائی 2025 میں جاپان کا سفر کرنے والے ہزاروں سیاحوں نے اپنے سفر منسوخ کر دیے ہیں۔

ریو تاتسوکی کو “جاپان کی نئی بابا وانگا” کہا جا رہا ہے، کیونکہ ماضی میں ان کی کئی پیشگوئیاں درست ثابت ہو چکی ہیں، جن میں 2011 کا توہوکو زلزلہ اور گلوکار فریڈی مرکری کی موت شامل ہیں۔

ان کی نئی کتاب “The Future I Saw” کے مطابق، جولائی 2025 میں جاپان اور فلپائن کے درمیان سمندر میں ایک زبردست زلزلہ اور سونامی آ سکتا ہے، جو 2011 کے تباہ کن سونامی سے تین گنا زیادہ طاقتور ہو گا۔ریو تاتسوکی کی پیشگوئی کے بعد ہانگ کانگ کی مشہور ٹریول ایجنسی WWPKG نے رپورٹ کیا کہ جاپان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ خوف اور اضطراب کے باعث سیاحوں نے اپنے سفری منصوبے واپس لے لیے ہیں۔
اگرچہ جاپان کے حکام نے تاتسوکی کی پیشگوئی کو مسترد کر دیا ہے، تاہم چینی سفارتخانے نے اپریل 2025 میں جاپان میں موجود اپنے شہریوں کو قدرتی آفات کے حوالے سے ہوشیار رہنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس سے عوامی خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر #July2025Prediction کے ہیش ٹیگ کے ساتھ یہ موضوع تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کچھ افراد اس پیشگوئی کو سنجیدہ لے رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے محض ایک اتفاق یا افواہ قرار دے رہے ہیں۔