بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں درس و تدریس میں جدت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں درس و تدریس میں جدت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

– Advertisement –

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے زہر اہتمام اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے درس و تدریس میں جدت کے موضوع پر دو روزہ چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں کیا گیا۔ کانفرنس میں قومی اور بین الاقوامی اسکالرز، پالیسی سازوں اور ماہرین نے شعبہ تعلیم میں ابھرتے ہوئے رجحانات پر اظہار خیال کیا۔

کانفرنس کی مختلف نشستوں میں شرکاء نے ڈیجیٹل تبدیلی، نصاب کی جدت اور کلاس رومز میں مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال پر بھی اظہار خیال کیا۔ اختتامی تقریب میں انچارج پروگرامز فیکلٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر اظہر محمود نے شرکاء کو خیر مقدم کرتے ہوئے کانفرنس میں ان کے فعال تعاون کو سراہا۔ کانفرنس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ اجمل نے کہا کہ تقریب میں سات کلیدی خطبات، 80 سے زائد مقالے، پوسٹر پریزنٹیشنز اور پینل ڈسکشن شامل تھے۔

– Advertisement –

کانفرنس کی سفارشات میں نصاب کو عالمی و عصری تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے سمیت ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو ذمہ دارانہ طور پر اپنانے پہ زور دیا گیا۔کانفرنس کے کلیدی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ اور پروگریسو اسٹریٹجیز فار ڈائنامک ٹائمز ٹو امپروو ایجوکیشن اینڈ لرننگ کی پروفیسر جیمز اومیرا شامل تھے۔ دیگر مقررین میں ملائیشیا سے ڈاکٹر نور احسان محمد سعید، ڈاکٹر شمسہ عزیز، ڈاکٹر ویزہ، ڈاکٹر ایس ایم محمد اسماعیل، ڈاکٹر احسن اعجاز اور ڈاکٹر محمد ظفر اقبال شامل تھے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی نے جدت کو روزگار اور عملی مہارتوں سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مصنوعی ذہانت کے برھتے ہوئے رجحان پر بھی اظہار خیال کیا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو آفتاب احمد خان نے سکولوں میں مصنوعی ذہانت سے متعلق تربیت پر یونیسکو کے جاری اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اختتامی سیشن میں کانفرنس کے چیئر اور چیئرپرسن شعبہ ٹیچر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد منیر کیانی نے شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔

 

– Advertisement –