نئی دہلی : بھارت کے دارالحکومت دہلی کے علاقے سبھاش نگر میں بیلوں کی لڑائی کے دوران ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک 85 سالہ معمر شخص جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو بیل کھلے بازار میں ایک دوسرے پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ یہ منظر وہیں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہو گیا، جس کی فوٹیج بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بیلوں کی خطرناک لڑائی کے دوران ایک ضعیف شخص، جو قریب ہی موجود تھا، خود کو بچانے کے لیے قریبی دکان کی سیڑھیوں پر چڑھ گیا۔ اُس کے ہاتھ میں ایک چھڑی بھی تھی تاکہ وہ بیلوں کو خود سے دور رکھ سکے۔ تاہم، بدقسمتی سے ایک بیل نے دوسرے پر حملہ کرتے ہوئے رخ بزرگ شخص کی طرف کر لیا۔
بیل کی اچانک تیز ٹکر نے بزرگ شخص کو زمین پر پٹخ دیا، جس سے وہ بری طرح زخمی ہوا اور چند ہی لمحوں میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے، اور سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کئی صارفین نے کھلے عام جانوروں کی لڑائی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔