بلوں سے نجات کا نیا راستہ: سولر پینٹ ٹیکنالوجی متعارف

بلوں سے نجات کا نیا راستہ: سولر پینٹ ٹیکنالوجی متعارف

اسلام آباد:بجلی کی بندش اور مہنگے بلوں سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر ہے، توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ماہرین نے ایک نیا اور مؤثر حل پیش کر دیا ہے۔ اب سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے کے لیے مہنگے اور بھاری سولر پینلز کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ جدید سولر پینٹ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی گئی ہے جو کم خرچ، آسان اور مؤثر متبادل ثابت ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر پینٹ کی مدد سے کم لاگت میں توانائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ روایتی سولر پینلز کے برعکس، سولر پینٹس کو کسی بھی سطح پر لگانا ممکن ہے، جیسے کہ دیواریں، چھتیں یا گاڑیاں، اور اس کے لیے مخصوص جگہ یا مہنگی تنصیب کی ضرورت نہیں پڑتی۔

لنکڈاِن کی ایک رپورٹ کے مطابق، جدید ٹیکنالوجی سے تیار کی جانے والی یہ سولر پینٹ والی دیواریں بالکل سولر پینلز کی طرح توانائی پیدا کرتی ہیں۔ اس پینٹ میں فوٹووولٹائیک نینو پارٹیکلز شامل ہوتے ہیں جو روشنی جذب کرکے الیکٹران پیدا کرتے ہیں، جس سے بجلی بنتی ہے۔

اس پینٹ کو مائع کی شکل میں کسی بھی ٹھوس سطح پر لگایا جا سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو نہ صرف گھروں بلکہ گاڑیوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریاں خود سورج کی روشنی سے چارج ہو سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی توانائی کے شعبے میں انقلاب لا سکتی ہے اور پاکستان جیسے ممالک میں سستی، صاف اور قابلِ بھروسہ بجلی کی فراہمی کا مؤثر حل بن سکتی ہے۔