کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فجر کے وقت آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا دلکش منظر دیکھا گیا، جس نے شہریوں کو حیرت اور تجسس میں مبتلا کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اس مظہر کی تصاویر تیزی سے وائرل ہوئیں، جہاں صارفین نے اسے ممکنہ ہائیپر سونک میزائل تجربے یا خلائی سرگرمی سے منسلک قرار دیا۔
تاہم بعد ازاں محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظر کسی فوجی تجربے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک نایاب قدرتی مظہر لینٹی کیولر کلاؤڈ فارمیشن تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ عدسہ نما بادل کوہِ مردار کے اوپر بنے اور تقریباً 20 منٹ تک آسمان پر موجود رہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے بادل مستحکم ہوا کے پہاڑوں سے گزرنے پر بنتے ہیں اور اکثر اڑن طشتری جیسے مناظر پیدا کرتے ہیں۔
وضاحت کے بعد اگرچہ افواہیں دم توڑ گئیں، مگر بلوچستان کے آسمان پر یہ دلکش مظہر شہریوں کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔