امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق ایک اچھی خبر ہے اور تہران سے مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو ہوسکتا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے مذاکرات میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ امن مذاکرات کا دوسرا دور ممکنہ طور پر جمعہ تک شروع ہو سکتا ہے۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں موجود پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں میں پیش رفت ہو رہی ہے اور آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
امریکی صدر نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ایران کی جانب سے ایک متفقہ تجویز آنے تک جنگ بندی میں توسیع کی گئی ہے، جب کہ امریکا نے اپنی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد اس پورے عمل میں مسلسل ثالثی کر رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دونوں فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔