ایران پر دوبارہ جنگ مسلط ہوئی تو مزید ‘سرپرائزِز’ دیں گے: عباس عراقچی – World

ایران پر دوبارہ جنگ مسلط ہوئی تو مزید ‘سرپرائزِز’ دیں گے: عباس عراقچی – World

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو اس کے نتائج پہلے سے زیادہ حیران کن ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی کانگریس نے بھی ایران پر حالیہ جنگ کے دوران ہونے والے بھاری نقصانات، بشمول درجنوں جنگی طیاروں کی تباہی کا باضابطہ اعتراف کر لیا ہے جو ایران کی کامیاب دفاعی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران ایران کی عسکری کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایران پر جنگ کے آغاز کے کئی ماہ بعد اب امریکی کانگریس اربوں ڈالر مالیت کے درجنوں طیاروں کے نقصان کا اعتراف کر رہی ہے‘۔

انہوں نے خاص طور پر جدید ترین امریکی لڑاکا طیارے ’ایف 35‘ کی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ہماری طاقتور مسلح افواج وہ پہلی قوت ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں جدید ترین اور ناقابلِ تسخیر سمجھے جانے والے ’ایف 35‘ طیارے کو مار گرایا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے حالیہ جارحیت سے کافی آپریشنل تجربہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے امریکا اور اتحادیوں کو خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ کسی بھی قسم کی عسکری محاذ آرائی کی گئی تو اس کے نتیجے میں دشمن کو مزید سرپرائزز ملیں گے۔