ایرانی وزیر خارجہ کا برکس ممالک سے امریکہ اور اسرائیل کی مذمت کا مطالبہ – World

ایرانی وزیر خارجہ کا برکس ممالک سے امریکہ اور اسرائیل کی مذمت کا مطالبہ – World

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برکس ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کریں۔ نئی دہلی میں برکس وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتکاری ہی واحد راستہ ہے۔

عباس عراقچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اپنے وطن کے دفاع کیلئے لڑنے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتا ہے، تاہم تہران سفارتکاری کے تحفظ اور فروغ کیلئے بھی آمادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم امن پسند ہے اور جنگ نہیں چاہتی، لیکن اگر ایران پر دباؤ ڈالا گیا تو وہ اپنے مفادات کا دفاع کرے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کے نقطہ نظر سے آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کیلئے کھلی ہے، تاہم جہازوں کو ایرانی بحریہ کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خطے میں ناکہ بندی امریکا نے مسلط کی ہے۔

عباس عراقچی نے برکس ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خلاف واضح مؤقف اختیار کریں۔

برکس میں امریکا کے اہم اتحادی متحدہ عرب امارات اور بھارت بھی شامل ہیں، تاہم بھارتی حکومت نے اب تک ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حملوں کی کھل کر مذمت نہیں کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے برکس پلیٹ فارم پر یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر سفارتی دباؤ اور صف بندی میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔