امریکا-ایران مذاکرات: صدر ٹرمپ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا – World

امریکا-ایران مذاکرات: صدر ٹرمپ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا – World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں کابینہ کے تمام ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران پر نئے امریکی حملوں کے بعد ممکنہ امن معاہدے سے متعلق خدشات بڑھتے جارہے ہیں اور واشنگٹن اپنی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کر رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جسے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان شریک ہوں گے، جن میں سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ بھی شامل ہیں۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات نازک اور فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ امریکی انتظامیہ تہران کے ساتھ ایک وسیع تر معاہدے کے امکانات اور خطے میں کمزور پڑتی جنگ بندی کی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کے مطابق امریکا اس وقت اس بات پر غور کر رہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو کس سمت میں آگے بڑھایا جائے اور صورت حال کشیدہ ہوئی تو اس صورت میں آئندہ کی حکمت عملی کیا ہونی چاہئے۔