اسٹاک مارکیٹ میں مندی، سرمایہ کاروں کے 1کھرب 47ارب 54لاکھ سے زائد ڈوب گئے

اسٹاک مارکیٹ میں مندی، سرمایہ کاروں کے 1کھرب 47ارب 54لاکھ سے زائد ڈوب گئے


کراچی:

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان غالب رہا جہاں سرمایہ کاروں کے 1کھرب 47ارب 54لاکھ 27ہزار 553روپے ڈوب گئے اور کے ایس ای-100 انڈیکس 154439.68 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں کے سبب نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کے بجائے بڑھنے کی بازگشت، سیلاب سے معیشت کو درپیش چیلنجز، مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں دوسرے روز بھی محدود اتار چڑھاو کے بعد مندی رہی۔

اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے انڈیکس کی ایک لاکھ 56ہزار اور ایک لاکھ 55ہزار پوائنٹس کی دو سطحیں بھی گرگئیں۔

پی ایس ایکس میں مندی کے سبب 55.25فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 47 ارب 54 لاکھ 27 ہزار 553 روپے ڈوب گئے۔

کاروبار کا آغاز 388پوائنٹس کی تیزی سے ہوا لیکن طویل دورانیے سے مسلسل تیزی کے رحجان سے حصص مارکیٹ اوورباٹ ہوچکی تھی لہٰذا سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے اپنی لیوریج پوزیشنز میں کمی اور پرافٹ ٹیکنگ کی غرض سے حصص کی آف لوڈنگ کی گئی جس سے کاروبار مندی کی لپیٹ میں آگیا اور ایک موقع پر 1781پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی۔

اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی اور اس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1701.56 پوائنٹس کی کمی سے 154439.68پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای-30 انڈیکس 600.63 پوائنٹس کی کمی سے 47119.91 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 765.63پوائنٹس کی کمی سے 94668.16پوائنٹس اور کے ایم آئی-30 انڈیکس 2674.34پوائنٹس کی کمی سے 226125.72پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 23فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 98 کروڑ 75لاکھ 89ہزار 372 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 476 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 180 کے بھاو میں اضافہ 263 کے داموں میں کمی اور 33 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔