بنگلور : بھارت کے شہر بنگلورو میں پبلک ٹرانسپورٹ کے دوران پیش آنے والا ایک غیرمعمولی واقعہ منظرعام پر آیا ہے جہاں ایک خاتون مسافر نے بس مقررہ اسٹاپ پر نہ روکنے پر بس ڈرائیور پر چپلوں کی بارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کاویا نامی خاتون بس میں سوار ہو کر دفتر جا رہی تھیں۔ انہوں نے ڈرائیور سے درخواست کی کہ بس ان کے دفتر کے قریب روک دی جائے، تاہم ڈرائیور اطہر حسین نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا کیونکہ بس صرف مخصوص اسٹاپس پر ہی رک سکتی ہے۔ ڈرائیور کے مطابق خاتون جس جگہ بس رکوانا چاہ رہی تھیں، وہ اسٹاپ کی حدود سے باہر تھی اور ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں آتا ہے۔
ڈرائیور نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے خاتون کو بس میں نصب سی سی ٹی وی کی موجودگی کا بھی بتایا، لیکن اس پر وہ مزید مشتعل ہو گئیں اور طیش میں آ کر اپنی چپل سے ڈرائیور پر حملہ کر دیا۔
واقعے کے بعد ڈرائیور نے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی، جس کے بعد پولیس نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر واقعے پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں، کچھ صارفین نے ڈرائیور کے پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کی جبکہ کچھ نے خاتون کے غصے کو غیر مناسب قرار دیا۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کرنا چاہیے۔