سڈنی: آسٹریلیا کی ایک خاتون الیکسا نے شاپکنز کھلونوں کی 2656 مختلف اشیاء جمع کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ الیکسا کا کہنا ہے کہ ان کو شاپکنز کھلونوں کا شوق سات سال کی عمر میں اُس وقت ہوا جب ان کی کلاس میں ایک ہم جماعت اپنے ساتھ یہ رنگ برنگے کھلونے لایا تھا، اور پھر یہ دلچسپی ایک شوق میں بدل گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ شاپکنز کھلونوں کی خریداری کا سلسلہ بڑھتا گیا، اور اب ان کے پاس 2656 منفرد شاپکنز ہیں۔ اگر مجموعی طور پر دیکھیں تو ان کے کلیکشن میں 4000 سے زائد کھلونے شامل ہیں۔
اسی بڑی تعداد میں منفرد اشیاء کے ساتھ الیکسا نے شاپکنز کھلونوں کے سب سے بڑے کلیکشن کا عالمی اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ برطانیہ کی ریانا کونرز کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 2271 کھلونے جمع کر کے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔