آسٹریلوی خاتون کی نیند ٹوٹتے ہی سانپ سے حیران کن ملاقات

آسٹریلوی خاتون کی نیند ٹوٹتے ہی سانپ سے حیران کن ملاقات

برسبین: آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ایک خاتون کو اُس وقت شدید حیرت اور خوف کا سامنا کرنا پڑا جب وہ نیند سے جاگیں اور اپنے بستر پر ڈھائی میٹر لمبا کارپٹ پائتھن (سانپ) دیکھ لیا۔

ریچل بلور کے مطابق، ابتدا میں انہیں لگا کہ بستر پر پڑا وزن ان کے پالتو کتے کا ہے۔ لیکن جب انہوں نے کمبل پر ہاتھ رکھا تو نیچے سے چیز حرکت کرنے لگی۔ ریچل نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ اسی لمحے انہیں احساس ہوا کہ یہ کوئی جانور نہیں بلکہ ایک سانپ ہے۔

فوراً، ریچل نے اپنے شوہر کو جگایا اور لائٹس آن کرنے کو کہا۔ جیسے ہی روشنی ہوئی، شوہر نے بستر پر موجود سانپ کو دیکھا اور فوری طور پر ریچل کو خبردار کیا کہ “ہمت نہ کرنا، تمہارے اوپر سانپ موجود ہے”۔

ریچل کے شوہر نے پہلے کمرے سے اپنے پالتو کتوں کو باہر نکالا تاکہ وہ محفوظ رہیں، پھر شوہر نے ریچل کو آہستہ آہستہ کمبل کے نیچے سے باہر نکلنے کی ہدایت کی۔

ریچل نے احتیاط سے پہلو بدلا اور بستر سے نکل کر سانپ کو کھڑکی کے راستے باہر نکال دیا۔ ریچل کا کہنا ہے کہ سانپ نے دیوار پر چڑھ کر کھڑکی کا شٹر دھکیل دیا اور پھر سیدھا بستر پر آ کر لیٹ گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ریچل نے کہا کہ وہ زیادہ خوفزدہ نہیں ہوئیں کیونکہ وہ دیہی علاقے میں پلی بڑھی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ سانپ تھا، مینڈک نہیں۔

اس واقعے کے بعد، ریچل اور ان کے اہل خانہ بالکل محفوظ ہیں، تاہم یہ ان کی زندگی کا سب سے عجیب اور ناقابلِ یقین تجربہ بن چکا ہے۔