اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے آسمان پر رات کے وقت اچانک نمودار ہونے والی پراسرار روشنی نے شہریوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کر دیا، جبکہ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ غیر معمولی روشنی آسمان میں آہستہ آہستہ حرکت کرتی ہوئی دکھائی دی اور دور دراز علاقوں تک اس کے بکھرتے ہوئے اثرات محسوس کیے گئے، جس کے باعث بعض افراد نے اسے یو ایف او یا خلائی مخلوق سے بھی جوڑ دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر نہایت عجیب اور دلکش ہونے کے ساتھ ساتھ پراسرار بھی تھا، جس نے دیکھنے والوں میں تجسس اور تشویش دونوں پیدا کر دیے۔
بعد ازاں ماہرین فلکیات نے اس واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دراصل اسپیس ایکس کے فیلکن 9 راکٹ کے لانچ کے بعد فضا میں بننے والا “جیلی فش ایفیکٹ” تھا۔
ماہرین کے مطابق راکٹ کے دوسرے حصے سے خارج ہونے والا دھواں بلند فضا میں پھیل گیا، جس پر سورج کی روشنی پڑنے سے ایک مخروطی اور روشن سا منظر تشکیل پایا جو زمین سے دیکھنے والوں کے لیے انتہائی غیر معمولی اور حیران کن ثابت ہوا۔
فلکیاتی ماہرین نے مزید کہا کہ جدید خلائی مشنز کے باعث ایسے مناظر وقتاً فوقتاً دیکھنے کو ملتے رہتے ہیں، تاہم عام لوگوں کے لیے یہ اب بھی ایک دلچسپ اور حیرت انگیز تجربہ ہوتا ہے۔