– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 857 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 727 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اگست 2025 میں یورپی یونین میں شامل ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 433 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 376 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
– Advertisement –
جولائی کے مقابلے میں اگست میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی میں یورپی یونین سے ترسیلات زر کا حجم 424 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کا حجم 6.352 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 5.937 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔
– Advertisement –