– Advertisement –
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ہلال احمر خیبرپختونخوا ضم شدہ اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو باجوڑ میں ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد مقامات پر آئی ڈی پیز کیمپوں میں واٹر ٹینک نصب اور باجوڑ کے سٹیڈیم میں متاثرین کیلئے واش روم تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ خواتین کیلئے الگ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا جلد ہی باجوڑ کا دورہ کریں گے جہاں ہلال احمر اور ڈونرز کے تعاون سے سترہ سو آئی ڈی پیز گھرانوں میں فی گھرانہ پچاس ہزار روپے نقد امداد تقسیم کی جائے گی۔ گورنر دو موبائل ہیلتھ یونٹس کا بھی افتتاح کریں گے۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے لنڈی کوتل میں ہلال احمر ضم شدہ اضلاع کے کیمپ آفس کے دورے کا بھی عندیہ دیا۔
– Advertisement –
– Advertisement –