– Advertisement –
مدینہ منورہ۔17ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مدینہ منورہ کے دورہ کے دوران مسجد نبوی ﷺ میں نماز فجر ادا کرنے کے بعد شہرِ مقدس کے تاریخی مقامات اور زیارات پر حاضری دی۔ بدھ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے عشقِ رسول ﷺ میں ایران کے شہر اصفہان سے مدینہ آنے والے جلیل القدر صحابی حضرت سلمان فارسیؓ کے باغ اور تاریخی کنویں کی زیارت کی۔
حضرت سلمان فارسیؓ کا شمار اُن عظیم المرتبت صحابہ کرامؓ میں ہوتا ہے جنہوں نے اسلام کی خاطر اپنی پوری زندگی وقف کی، وہ مختلف ادیان کی حقانیت تلاش کرتے ہوئے دور دراز علاقوں سے مدینہ منورہ پہنچے اور انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا۔ غزوہ خندق کے موقع پر مدینہ کے دفاع کے لئے خندق کھودنے کی حکمت عملی انہی کی تجویز تھی جس نے اسلامی تاریخ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
– Advertisement –
گورنرخیبرپختونخوا نے حضرت سلمان فارسیؓ کے باغ اور کنویں پر حاضری کے دوران وہاں کے متبرک پانی سے فیض یاب ہوئے اور سعودی حکام کی جانب سے اس تاریخی مقام کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے اور اس موقع کو اپنی زندگی کا انمول تجربہ قرار دیا۔
– Advertisement –