گجرے بالوں میں لگانے اور بیگ میں رکھ کر آسٹریلیا لے جانے والی اداکارہ نویا نائر نے واقعے پر ردعمل دے دیا۔
حال ہی میں جنوبی بھارتی اداکارہ نویا نائر کو آسٹریلیا کے میلبرن ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا اور جامع تلاشی لی گئی تھی۔ جس کے دوران اداکارہ کے بیگ سے 15 سینٹی میٹر لمبے جیسمین کے گجرے برآمد ہوئے تھے اور ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا تھا کیونکہ آسٹریلیا میں پھول اور پودے لے جانے کی پابندی ہے۔
اب اداکارہ نے اس پر تفصیل سے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک شادی میں شرکت کیلئے آسٹریلیا جارہی تھیں اور انہیں علم نہیں تھا کہ وہاں پھول لے جانے پر پابندی ہے۔
نویا نے بتایا کہ وہ اسمگلنگ نہیں کر رہی تھیں بلکہ ائیرپورٹ پر اسنفر کتے کی مدد سے انہیں روکا گیا کیونکہ اس نے میرے بیگ کی نشاندہی کی تھی جبکہ میں نے بالوں میں بھی گجرے لگا رکھے تھے اور کچھ میں نے بیگ میں رکھ لیے تھے کہ انہیں بعد میں پہنوں گی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے حکام سے رقم معاف کرنے کی درخواست کی ہے، اور اگر وہ معاف نہیں کرتے ہیں، تو میں نے بہت سے مضامین میں پڑھا ہے کہ وہ 300 ڈالر چارج کرتے ہیں، مگر انہوں نے 1980 AUD (ایک لاکھ 14 ہزار بھارتی روپے) چارج کیا، اور اس میں 6 یونٹ لکھے گئے ہیں، لہذا میں نہیں جانتی کہ یہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی ہونے کے ناطے، مجھے کوئی اندازہ نہیں تھا کہ مجھے گجروں پر جرمانہ دینا پڑے گا۔