گاڑیوں کی قیمت میں کمی اور کاروں کی ملکیت میں اضافے کی پیشگوئی

گاڑیوں کی قیمت میں کمی اور کاروں کی ملکیت میں اضافے کی پیشگوئی


اسلام آباد:

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس(پائیڈ) نے ملک میں گاڑیوں کی قیمت کم ہونے اور کاروں کی ملکیت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔

پائیڈ کی جانب سے ملک کی آٹو انڈسٹری پر ٹیرف اصلاحات کے اثرات کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق آٹوانڈسٹری میں کچھ ملازمتیں متاثر ہوں گی مگر نئی نوکریاں اور کاروباری مواقع جنم لیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 سال کے ٹیرف ریفارم پلان سے کسٹمز ڈیوٹی اسٹرکچر میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، اوسط ٹیرف ریٹ 19 فیصد سے کم ہو کر 9.5 فیصد ہونے کا امکان ہے۔

پائیڈ کے مطابق گاڑیوں کی درآمد پر ٹیرف پانچ سال میں 20 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ جائے گا، استعمال شدہ گاڑیوں پر اضافی سرچارجز 2030 تک ختم کئے جائیں گے، جس کے نتیجے میں کمزور برانڈز مشکلات کا شکار جبکہ بڑی عالمی کمپنیاں بہتر پوزیشن میں ہوں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ درآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ اور کرنسی پر دباؤ آنے کا بھی خدشہ ہے اور پائیڈ نے بیرونی شعبے میں مقابلہ کرنے کے لیے برآمدات میں اضافے کو ضروری قرار دے دیا۔