– Advertisement –
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے گزشتہ دو سال کے دوران ادویات اور طبی مصنوعات کے 3 ہزار 899 نمونوں کے ٹیسٹ کئے ہیں، سال 2023 میں 41 نمونوں کو تصریحات کے منافی قرار دیا گیا جبکہ 2024 میں 37 نمونوں کو غیر معیاری قرار دیا گیا ۔
وفاقی وزارت قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے دوران ٹیسٹ کردہ نمونوں کی تعداد 1 ہزار 702 تھی جبکہ غیر معیاری نمونوں کی تعداد 37 پائی گئی اور 4 مصنوعات کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح 20 مصنوعات کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق 2024 کے دوران ٹیسٹ کردہ نمونوں کی تعداد 2 ہزار 79 رہی جن میں سے غیر معیاری نمونوں کی تعداد 41 جبکہ 6 مصنوعات کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔
– Advertisement –
ڈریپ معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ڈریپ نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لئے ایک ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے۔ ڈریپ عالمی ادارہ صحت لیول تھری کی ہدایات پر عمل پیرا ہے تاکہ ادویات کی ریگولیشن کا ایک منظم طریقہ کار اپنایا جا سکے۔
ڈریپ نے شکایات کا ایک منظم نظام بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت سٹیک ہولڈرز بشمول عوام ،مینوفیکچررز اور ہسپتال جعلی ادویات کی آن لائن یا تحریری شکایات کی رپورٹ کر سکتے ہیں اور ڈریپ کی انفورسمنٹ ٹیمیں فوری طور پر کاروائی کو یقینی بناتی ہیں
– Advertisement –