کراچی:
اٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک فیز ٹو کو 5 نئی راہداریوں کے ساتھ توسیع دینے پر اتفاق، بیرونی ممالک سے ترسیلات زر کی آمد میں اضافے کی امیدوں اور اچھے معاشی اشاریوں کے باعث جمعرات کو مسلسل 20ویں روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں تسلسل سے اضافے، ایکسپورٹرز کی مستقبل کے لیے مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت جیسے عوامل سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 20 پیسے کی کمی سے 281روپے 50پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف 4 پیسے کی کمی سے 281روپے 66پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 10پیسے کی کمی سے 283روپے 20پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔