چین کی درآمدات اور برآمدات میں مسلسل تیسرے مہینے بیک وقت اضافہ

چین کی درآمدات اور برآمدات میں مسلسل تیسرے مہینے بیک وقت اضافہ

– Advertisement –

بیجنگ۔10ستمبر (اے پی پی):چین کی مجموعی درآمدات و برآمدات میں اگست کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ہو ا اور اس طرح مسلسل تیسرے مہینے دونوں میں بیک وقت اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بی آر این این کے مطابق سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جنوری تا اگست کے عرصے میں بھی چین کی تجارتی سرگرمیاں گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد بڑھیں، برآمدات اس عرصے کے دوران تجارتی توسیع کی اہم محرک رہیں جو 6.9 فیصد بڑھیں جبکہ درآمدات میں 1.2 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے مطابق امریکی ڈالر کی بنیاد پر اگست میں چین کی برآمدات 321.81 ارب ڈالر اور درآمدات 219.48 ارب ڈالر رہیں۔ پہلے آٹھ ماہ میں برآمدات 2.452 ٹریلین ڈالر اور درآمدات 1.666 ٹریلین ڈالر رہیں۔اسی عرصے میں آسیان (ASEAN) چین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا، باہمی تجارت 9.7 فیصد بڑھ کر 4.93 ٹریلین یوآن تک جا پہنچی، جو چین کی کل غیر ملکی تجارت کا 16.7 فیصد بنتی ہے۔ اس کے بعد یورپی یونین 4.3 فیصد اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ چین مسلسل 16 سال سے آسیان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ آسیان گزشتہ پانچ سال سے چین کا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

– Advertisement –

اعداد و شمار کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے ساتھ تجارت 5.4 فیصد بڑھ کر 15.3 ٹریلین یوآن رہی جبکہ امریکا کے ساتھ تجارت، جو چین کا تیسرا بڑا شراکت دار ہے، اس سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 13.5 فیصد کم ہوئی۔نجی ادارے تجارت کے بنیادی محرک کے طور پر نمایاں رہے، جن کی درآمدات و برآمدات 7.4 فیصد بڑھ کر 16.89 ٹریلین یوآن تک پہنچیں، جو ملک کی کل تجارت کا 57.1 فیصد ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.1 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔

چین کی غیر ملکی تجارت میں ساختی تبدیلی بھی جاری رہی۔ مکینیکل اور الیکٹریکل مصنوعات کی برآمدات 9.2 فیصد بڑھیں، جو کل برآمدات کا 60.2 فیصد ہیں۔چین چیمبر آف کامرس برائے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ آف مشینری اینڈ الیکٹرانک پروڈکٹس کی ستمبر کے اوائل میں جاری پیش گوئی کے مطابق چین کی مکمل گاڑیوں کی برآمدات 2025 میں 70 لاکھ یونٹس تک پہنچ جائیں گی۔ اس دوران کمرشل گاڑیوں کی برآمدات پہلی بار 10 لاکھ یونٹس سے تجاوز کر جائیں گی ، مکمل گاڑیاں اور آٹو پارٹس ایم اینڈ ای برآمدات کا سب سے بڑا حصہ ہیں، جو کل برآمدات کی قدر کا 10 فیصد بنتے ہیں۔یہ تجارتی کارکردگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی معیشت اور تجارت میں غیر یقینی صورتحال نمایاں ہے، اور کئی عالمی اداروں نے بتایا ہے کہ ٹیرف رکاوٹوں نے عالمی تجارتی اخراجات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

چین کی وزارت تجارت نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی تجارتی معیشت بلند معیار کی ترقی کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے مزید کھلے پن کو وسعت دے گی۔جی اے سی کے محکمہ شماریات کے ڈائریکٹر لو دالیانگ نے کہا کہ سخت اور پیچیدہ بیرونی ماحول کے باوجود چین کی تجارتی سرگرمیاں مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، برآمدات اب مسلسل چھ ماہ سے بڑھ رہی ہیں کیونکہ چینی ادارے عالمی طلب کے مطابق اعلیٰ معیار کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ مقامی پیداوار اور کھپت کی بحالی نے درآمدات کی شرح نمو کو سہارا دیا ہے۔

– Advertisement –