– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹریز( ایف پی سی سی آئی)کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی چین کو برآمدات بہتر ویلیو ایڈڈ اشیا کی طرف منتقل ہو رہی ہیں، دونوں ممالک نے معاشی اور تجارتی میدان میں شاندار تعاون کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویہاں نجی ہوٹل میں چائنہ انٹرنیشنل ایکسپو کے حوالے سے ایک پروموشنل ایونٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے معاشی اور تجارتی میدان میں شاندار تعاون کیا ہے، چین کو پاکستان کی ایکسپورٹس اور امپورٹس میں نمایاں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے تعاون کی مثال ہے، پاکستان کی چائنہ کو ایکسپورٹس بہتر ویلیو ایڈڈ اشیا کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کے لیے چائنہ ایکسپو اپنے برانڈز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا نادر موقع ہے ، ہماری بزنس کمیونٹی ایکسپو میں اپنی نمایاں ترین شرکت یقینی بنائے گی ۔
– Advertisement –
انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا نادر موقع ہو گا، ایف پی سی سی آئی چائنہ انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستان کی بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کےلئے کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں زراعت،متبادل توانائی،صحت ،انفرا سٹرکچر جیسے شعبوں میں بڑھتی سرمایہ کاری اطمینان بخش ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کو درپیش سکیورٹی مسائل ہم سب کےلئے تشویش کا باعث ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروموشن ایونٹ کا انعقاد چائنہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک کے زیر اہتمام کیا گیا ۔تقریب سے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے ٹریڈ منسٹر یانگ گوانگینگ ،ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو زائو بائو سی سی او آئی سی بی سی نے بھی خطاب کیا۔
– Advertisement –