چین–پاکستان ڈونکی انڈسٹری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام فورم کا انعقاد

چین–پاکستان ڈونکی انڈسٹری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام فورم کا انعقاد

– Advertisement –

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):چین–پاکستان ڈونکی انڈسٹری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام ”مواقع کی شراکت، مستقبل کی کامیابی” کے موضوع پر فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے سینکڑوں ماہرین، سکالرز، صنعتکاروں اور سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔یہ فورم چین چیمبر آف کامرس ان پاکستان اور سانگ یانگ انڈسٹریل (بیجنگ) گروپ کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے، چین کے سفارتخانے اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق پاکستان کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر محی الدین ، چینی سفارت خانہ کے ناظم الامور شی یوان چیانگ اور دیگر معزز مہمانوں نے گدھا انڈسٹری کو زرعی معیشت کا ایک اہم شعبہ قرار دیا۔ مقررین نے زور دیا کہ اس صنعت کو معیاری، پائیدار، برانڈڈ اور صنعتی خطوط پر استوار کیا جائے۔فورم کے دوران مختلف موضوعاتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں گدھوں کے جینیاتی وسائل کے تحفظ، صحت مند افزائش، بائی پروڈکٹس کے استعمال، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مارکیٹنگ حکمتِ عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

– Advertisement –

اس موقع پر وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے گدھا انڈسٹری کے برآمدی معاہدوں اور ریگولیٹری فریم ورک کا اعلان کیا، جبکہ چین چیمبر آف کامرس ان پاکستان نے ”ڈنکی انڈسٹری سیلف ریگولیشن ڈیکلریشن” جاری کیا، جس میں قوانین پر عمل، پائیداری، مقامی ثقافت کے احترام اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی گئی۔

فورم کے دوران عملی تعاون کے لئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جن میں چین–پاکستان جوائنٹ لیبارٹری برائے ڈنگی انڈسٹری انوویشن کا قیام اور مختلف جامعات و اداروں کے درمیان اشتراک شامل ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے گدھا انڈسٹری کو جدید، پائیدار اور دیہی خوشحالی میں معاون شعبہ بنایا جائے گا تاکہ پاکستانی کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو اور دونوں ممالک کے عوام کو بہتر معاشی مواقع میسر آئیں۔

– Advertisement –