چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین اے سی سی محسن نقوی نے تمام ٹیموں کے کپتانوں کو خوش آمدید کہا اور تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین اے سی سی نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا، بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو، افغانستان کے کپتان راشد خان، بنگلا دیش کے کپتان لٹن داس، سری لنکا کے کپتان چارتھ اسالنکا، یو اے ای کے کپتان محمد وسیم، ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضی اور عمان کے کپتان جتندر سنگھ کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے دوران شائقین کرکٹ کو روایتی حریفوں کے ساتھ دیگر ٹیموں کے میچز سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔ ہم بحیثیت ٹیم ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کے لیے پرعزم اور پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کے لئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ ایشیاکپ ایک دوسرے کو قریب لانے کا شاندار موقع ہے۔ کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور محبتیں بانٹنے کا خوبصورت ذریعہ ہے۔
اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور دیگر بورڈز کے اعلی عہدیداران بھی موجود تھے۔