پنجاب پولیس کی چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئےہیلپ لائن قائم

پنجاب پولیس کی چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئےہیلپ لائن قائم

– Advertisement –

لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):پنجاب پولیس کے سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) نے ملک میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی اور متعلقہ مسائل کے حل کے لئے ہیلپ لائن قائم کر دی ۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) غازی صلاح الدین نے ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیلپ لائن (8888111 ۔0327) خصوصی طور پر ان چینی باشندوں کے لئے ہے جو سی پیک اور دیگر منصوبوں کے علاوہ نجی شعبے کی سرگرمیوں میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ کے بڑے ایئرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ پاکستان آنے والے چینی شہریوں کو آمد کے وقت ہی درست رہنمائی اور معلومات فراہم کی جا سکیں۔

یہ ہیلپ لائن واٹس ایپ اور چین کی مشہور ایپلی کیشن وی چیٹ کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ چینی شہریوں کے پیغامات مترجم یا ترجمان پڑھ کر فوری جواب دیتے اور ضروری مشورہ فراہم کرتے ہیں، جس سے شکایات کے بروقت ازالے اور مناسب رہنمائی میں مدد ملتی ہے۔ڈی آئی جی صلاح الدین نے بتایا کہ ہیلپ لائن کے عملے کو تین شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ 24 گھنٹے معاونت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع کو ایس پی یو کے ساتھ منسلک کر دیا گیا اور ہماری ٹیم چینی شہریوں کی مدد کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔

– Advertisement –

انہوں نے مزید بتایا کہ چینی باشندے اپنی شکایات، تجاویز اور آرا براہِ راست اس ہیلپ لائن پر بھیج سکتے ہیں،اس منصوبے میں محکمہ داخلہ اور وزارت داخلہ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس پی یو کے افسران کو چینی زبان کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ بہتر رابطہ اور معاونت فراہم کی جا سکے، اس وقت 25 افسران چینی زبان کے کورس میں داخل ہیں۔ڈی آئی جی نے کہا کہ یہ ہیلپ لائن نہ صرف پاکستان میں موجود چینی شہریوں کے لئے سہولت اور تعاون میں اضافہ کرے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔

 

– Advertisement –