لاہور : پنجاب پولیس کی بہادر اور محنتی خاتون افسر عائشہ بٹ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ انہیں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس (IAWP) کی جانب سے “Excellence in Performance Award 2025” دیا گیا ہے۔
یہ اعزاز 62 ویں سالانہ کانفرنس کے دوران سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں دیا گیا، جس میں دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک کی 300 سے زیادہ خواتین پولیس افسران نے حصہ لیا۔
IAWP کی صدر جولیا جیگر نے ایس پی عائشہ بٹ کو ان کی شاندار کارکردگی اور معاشرے میں نمایاں خدمات پر یہ عالمی اعزاز پیش کیا۔ یہ ایوارڈ ہر سال صرف ایک ایسی خاتون پولیس افسر کو دیا جاتا ہے جو اپنی فیلڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
اس وقت ایس پی عائشہ بٹ سٹی ٹریفک آفیسر (CTO) گوجرانوالہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں خاص طور پر ٹریفک سیفٹی، عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد بڑھانے اور اپنے فرائض کی بہترین انجام دہی پر یہ ایوارڈ ملا ہے۔
پنجاب پولیس کی قیادت اور افسران نے ایس پی عائشہ بٹ کو اس اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔