پنجاب میں ایئر لفٹ ڈرون سروس ریسکیو آپریشنز میں نیا سنگ میل عبور

پنجاب میں ایئر لفٹ ڈرون سروس ریسکیو آپریشنز میں نیا سنگ میل عبور

پنجاب میں ایئر لفٹ ڈرون سروس ریسکیو آپریشنز میں نیا سنگ میل عبور

لاہور:پنجاب حکومت نے سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک بڑی پیش رفت کی ہے۔ حکومت نے ایسا جدید ایئر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا ہے جو 200 کلوگرام وزن  یعنی ایک بالغ انسان  کو اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ڈرون سروس پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ سروس ہے جسے “پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور” کے تحت استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق، یہ نیا ڈرون پہلے لاہور میں ٹیسٹ فلائٹس کے بعد اب سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب کے علاقوں، خاص طور پر ملتان بھیجا جا رہا ہے، جہاں اسے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں مزید 10 ایئر لفٹ ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ سول ڈیفنس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا سکے۔

سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ ڈرون ان علاقوں میں خاص طور پر مفید ثابت ہوں گے جہاں روایتی ذرائع سے پہنچنا ممکن نہیں۔ انہوں نے سول ڈیفنس کے اہلکاروں اور رضاکاروں کو “فرنٹ لائن سولجرز” قرار دیا اور کہا کہ وہ قیمتی انسانی جانیں بچانے میں دن رات سرگرم ہیں۔

اس وقت “سول ڈیفنس ریزیلئنس کور” کے تحت شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے، تاکہ ہنگامی حالات میں بھرپور عوامی تعاون حاصل کیا جا سکے۔