پنجاب میں آٹے کے بحران کا خطرہ عارضی طور پر ٹل گیا، فلور ملز نے مشروط مقدار میں آٹا سپلائی کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان آٹے کے بحران کے حل کے لیے سفارشات کی تیاری بھی جاری ہے۔
ذرائع فلار ملز ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب کی 800 ملیں آج سے دوبارہ کھل جائیں گی، فلور ملز آج دوپہر سے 10 اور20 کلو آٹا تھیلا سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں سپلائی کریں گی، جس سے قیمتوں میں خود ساختہ اضافے میں کمی کا امکان ہے۔ حکومت آٹا ملوں کو ایک لاکھ ٹن گندم ماہانہ دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے 25 لاکھ گندم کی بوریاں دینے کی رضامندی ظاہر کی تاہم ترجمان فلار ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم کا یہ کوٹہ مارکیٹ میں استحکام کے لیے ناکافی ہے، پنجاب حکومت فوری طور پر 25 لاکھ ٹن گندم 3 ہزار روپے من کی قیمت پر فراہمی کے انتظامات کرے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اور فلارملز گندم و آٹا بحران پر سفارشات تیار کر رہے ہیں، پنجاب کی مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی بحال رہے گی اور قیمت میں استحکام آجائے گا۔