پاکستان میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے لیے بڑا سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کو امداد پہنچانے اور ریسکیو کرنے کے لیے جدید ایئرلفٹ ڈرون حاصل کرلیا۔
یہ اپنی نوعیت کی ملک کی پہلی ایمرجنسی ایئرلفٹ ڈرون سروس قرار دی جارہی ہے۔ یہ ڈرون دو سو کلوگرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے بھی متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا جاسکے گا۔
سول ڈیفنس کے لیے مزید 10 ایئرلفٹ ڈرونز خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈرون کی ٹیسٹ فلائیٹس لاہور میں کامیابی سے مکمل کرلی گئیں جس کے بعد سیکرٹری داخلہ نے اسے جنوبی پنجاب کے لیے ملتان بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جدید ٹیکنالوجی سے ریسکیو آپریشنز میں انقلابی تبدیلی آئے گی اور متاثرین تک بروقت مدد پہنچانا ممکن ہوگا۔