– Advertisement –
راولپنڈی۔18ستمبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے پشاور روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کے تحفظ اور آگاہی کے لیے خصوصی کیمپ لگایا گیا جس میں موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور سائیڈ مررز تقسیم کیے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کیمپ کا دورہ کیا اور موٹر سائیکلسٹ کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کیمپ میں سرکل اور سیکٹر انچارجز نے بھی موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنائے۔ اس موقع پر سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ شہریوں خصوصاً موٹر سائیکلسٹ کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
– Advertisement –
انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ اور ون وے مہم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مثبت اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں، موٹر سائیکلسٹ سب سے زیادہ غیر محفوظ ہوتے ہیں اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ روڈ یوزرز کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔
– Advertisement –