– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی نانتو سوکوچو نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کا موقع دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے نہایت موزوں ہے،ہم دفاع، ثقافت، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی عدم توازن موجود ہے جسے دور کرنے کے لئے پاکستانی برآمدات میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں انڈونیشین سفارتخانہ میں چیئرمین پاک۔آسیان فرینڈشپ ایسوسی ایشن ظفر بختاوری سے بات چیت کر رہے تھے۔
ملاقات میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے براہ راست روابط، ثقافتی تبادلے، تجارتی تعاون اور تعلیمی مواقع کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں رکن ایگزیکٹو کمیٹی ایف پی سی سی آئی وقار بختاوری اور انگان ملیم ہیڈاف اکنامک افیئرز بھی موجود تھیں ۔انڈونیشین سفیر نے اپنی ذاتی کاوش سے نیشنل لائبریری آف پاکستان میں ایک خصوصی سیکشن قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ پاکستان۔انڈونیشیا تعلقات کی تاریخ کو محفوظ بنایا جا سکے۔
– Advertisement –
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ منصوبہ حکومتی بجٹ کے بغیر انفرادی طور پر کیا جا رہا ہے اور اس میں انڈونیشین کتب اور ثقافتی مواد شامل کر کے اسے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔انہوں نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو انڈونیشین مصنوعات کے لئے ایک بڑی اور پرکشش مارکیٹ قرار دیتے ہوئے وقار ظفر بختاوری کو اکتوبر میں انڈونیشیا میں منعقد ہونے والی کاسمیٹک نمائش میں خصوصی شرکت کی دعوت دی۔
ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان براہ راست فضائی روابط کی عدم موجودگی دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری طبقے کے درمیان بڑی رکاوٹ ہے، براہ راست پروازوں کا اجرا ءناگزیر ہے تاکہ سیاحت، تجارتی سرگرمیوں اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے انڈونیشین سفیر پر زور دیا کہ اس معاملے میں عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پاکستان میں آسیان ممالک کے سفراء کی میزبانی کرنے اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لئے مختلف تقاریب کے انعقاد کا عندیہ دیا۔
انہوں نے سفیر سوکوچو کو پاکستان میں ہونے والی ٹریڈ نمائشوں میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ وہ انڈونیشیا میں آئندہ منعقد ہونے والی ٹریڈ نمائشوں، میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔
– Advertisement –