پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین ملکی ٹی 20 سیریز میں جیت سیلاب متاثرین کے نام کردی - Sports

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین ملکی ٹی 20 سیریز میں جیت سیلاب متاثرین کے نام کردی – Sports

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے تین ملکی ٹی 20 سیریز میں جیت سیلاب متاثرین کے نام کردی ہے۔

میچ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان علی آغا نے کہا کہ سہ ملکی سیریز کی جیت کو سیلاب متاثرین کے نام کرتا ہوں۔

اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے سیریز کے تمام میچوں کی فیس بھی فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ مشکل گھڑی میں مصیبت میں گہرے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ سب کو ایک ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیئے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وطن کی مٹی آج ہم سے سیلاب زدگان کی مدد کا تقاضا کررہی ہے، قوم سے اپیل ہے کہ وہ فلڈریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے۔


AAJ News Whatsapp

کھلاڑیوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میچ شارجہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور آغا سلمان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی اور کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستانی اسپنر محمد نواز نے ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ کل پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سفیان مقیم اور ابرابر احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سہ ملکی سیریز میں میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم چاروں میچز میں ناکام رہی اور ایک بھی فتح اپنے نام نہ کر سکی، جس کے باعث وہ پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

فائنل جیتنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دیے اور کہا کہ فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، سیریز ایشیا کپ میں مددگار ثابت ہوگی۔