– Advertisement –
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے مالی سال 2024-25 کے دوران اپنے مختلف سماجی و فلاحی پروگراموں کے تحت ملک بھر میں 2 کروڑ 22 لاکھ سے زائد افراد کو مالی معاونت فراہم کی۔ویلتھ پاکستان کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق پی پی اے ایف نے بے نظیر کفالت پروگرام، بے نظیر نشوونما پروگرام اور بے نظیر تعلیمی وظیفہ پروگرام کے ذریعے مجموعی طور پر 22.22 ملین افراد کو مالی سہولتیں فراہم کیں۔اعداد و شمار کے مطابق بے نظیر کفالت پروگرام سے 1 کروڑ 7 لاکھ افراد، بے نظیر نشوونما پروگرام سے 24 لاکھ 80 ہزار خواتین و بچے اور بے نظیر تعلیمی وظیفہ پروگرام کے تحت 96 لاکھ 73 ہزار سے زائد بچوں کو وظائف دیے گئے۔
علاقائی تفصیلات میں بتایا گیا کہ بے نظیر کفالت پروگرام کے مستفیدین میں پنجاب سے 1.2 لاکھ، سندھ سے 5 لاکھ، خیبرپختونخوا سے 1.1 لاکھ، بلوچستان سے 9 ہزار، اسلام آباد سے 19.9 لاکھ اور گلگت بلتستان سے 46.8 لاکھ افراد شامل ہیں۔بے نظیر نشوونما پروگرام کے تحت 22 لاکھ 48 ہزار 884 حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین اور بچوں کو مالی امداد، غذائی اشیاء اور صحت کی تعلیم فراہم کی گئی۔ ان میں آزاد جموں و کشمیر کے 32,996، بلوچستان کے 311,736، گلگت بلتستان کے 44,197، اسلام آباد کے 2,107، خیبرپختونخوا کے 655,888، پنجاب کے 429,132 اور سندھ کے 772,828 افراد شامل تھے۔اسی طرح بے نظیر تعلیمی وظیفہ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 96 لاکھ 73 ہزار 222 بچوں کو تعلیمی وظائف دیے گئے۔ ان میں پنجاب کے 43.6 لاکھ، سندھ کے 25.3 لاکھ، خیبرپختونخوا کے 20.4 لاکھ، بلوچستان کے 4.4 لاکھ، گلگت بلتستان کے 1.2 لاکھ، آزاد کشمیر کے 1.5 لاکھ اور اسلام آباد کے 15 ہزار بچے شامل تھے۔
– Advertisement –
دستاویز میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران رجسٹرڈ مستفیدین کی تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی۔ پی پی اے ایف نے مالی سال 2025-26 میں مزید 20 لاکھ افراد کو پروگراموں میں شامل کرنے اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔پی پی اے ایف کے مطابق بے نظیر نشوونما پروگرام غذائی قلت کے خاتمے کے لیے حاملہ و دودھ پلانے والی خواتین اور بچوں کو خصوصی خوراک، صحت کی تعلیم اور مالی مدد فراہم کرتا ہے۔
بے نظیر کفالت پروگرام ملک کی غریب ترین خواتین کو بلاشرط نقد امداد فراہم کر کے مالی شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے کا ذریعہ ہے جبکہ بے نظیر تعلیمی وظیفہ پروگرام غریب گھرانوں کے بچوں کو مشروط وظائف فراہم کرتا ہے تاکہ وہ سکولوں میں حاضری جاری رکھیں اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کم ہو۔واضح رہے کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کو حکومت نے سال 2000 میں قائم کیا تھا۔ یہ ایک غیر منافع بخش قومی ادارہ ہے جو غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور نادار گھرانوں کو ہنر اور مالی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔
– Advertisement –