– Advertisement –
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رُمانی نے جمعرات کو موتمر العالم الاسلامی کے دفتر میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور سابق سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق سے ملاقات کی۔اس موقع پر موتمر العالم الاسلامی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، راجہ محمد علی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں مسلم ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے، عالمی اداروں کے کردار کو مضبوط بنانے اور امت مسلمہ کو درپیش مشترکہ مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹر (ر) راجہ محمد ظفر الحق نے سفیر الجزائر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور الجزائر کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے الجزائر کے مؤقف اور خدمات کو سراہا۔
– Advertisement –
سفیر ڈاکٹر ابراہیم رُمانی نے راجہ محمد ظفر الحق کی عالم اسلام کے لیے عمر بھر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ الجزائر موتمر العالم الاسلامی کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ بھی قریبی مشاورت اور تعاون کو جاری رکھتے ہوئے امن، انصاف اور مسلم اتحاد کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھایا جائے گا۔
– Advertisement –