پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ سٹار و معروف کامیڈین لہری کی برسی ہفتے کو منائی گئی

پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ سٹار و معروف کامیڈین لہری کی برسی ہفتے کو منائی گئی

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈسٹار ،معروف کامیڈین ،مزاحیہ اداکاری کے بادشاہ لہری کی برسی ہفتہ 13 ستمبر کو منائی گئی ، ان کا شمار پاکستان کے کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا ہے ۔ ان کا اصل نام سفیر اﷲ تھا اور وہ 2 جنوری 1929 کو کان پور میں پیدا ہوئے ۔لہری نے اپنے فنی کریئر کا آغاز 1955 میں لاچو سیٹھ شیخ لطیف کی فلم ’’انوکھی‘‘ سے کیا جبکہ انہوں نے افشاں، رم جھم، چھوٹی بہن، بالم، جلتے سورج کے نیچے، پھول میرے گلشن کا، انجان اور پرنس میں مزاحیہ اداکاری بھی کی۔اس کے علاوہ زبیدہ، زنجیر، نیاانداز، بہورانی، موم کی گڑیا اور جلے نہ کیوں پروانہ میں ان کی پرفارمنس بھی شاندار رہی۔گھرستی، رسوائی، بدل گیا انسان، اپنا پرایا، جوکر، کون کسی کا، آگ، میرے ہم سفر، دل میرا دھڑکن تیری، صائقہ اور انجمن سمیت دیگر فلمیں ان کے کیرئر کی بہترین فلمیں تھیں۔

اداکار لہری ایک صاحب طرز اور دور اندیش فنکار تھے۔ انہوں نے اظہار فن کےلئے طنز و مزاح کو موضوع بنایا جبکہ برجستگی کے ساتھ مکالموں کی ادائیگی میں انہیں ملکہ حاصل تھی۔انہوں نے بیشتر فلموں میں منفی کرداروں میں بھی حقیقت کا رنگ بھر کر شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ 1993 میں انہوں نے فلم انڈسٹری کے بحران کا شکار ہونے کے بعد فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ انہوں نے پنجابی فلموں کی آفرز ملنے کے باوجود کام نہیں کیا۔وہ تھیٹر سے بھی وابستہ رہے۔ 38سالہ فلمی کریئر میں لہری نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور کئی برس تک مسلسل لاجواب کردار نگاری پر 13 نگار ایوارڈز کے علاوہ مقامی اداروں کی جانب سے لاتعداد ایوارڈز حاصل کیے ۔ اداکار لہری طویل عرصے علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں 2012 میں آج ہی کے دن کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری اور فنکار برادری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف پر انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

– Advertisement –

 

– Advertisement –