پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔
وزارتِ قانون و انصاف اور ہانگ کانگ کے محکمہ انصاف کے درمیان دسویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے موقع پر تعاون کی مفاہمتی یادداشتِ پر دستخط کیے گئے۔ ہانگ کانگ میں منعقدہ تقریب میں ہونے والے اس معاہدے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری وزارتِ قانون و انصاف راجا نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کے سیکریٹری برائے انصاف پال ٹی کیلام نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں فریق قانونی امور میں تعاون کو فروغ دیں گے اور قانونی معاملات میں افراد کی تربیت و صلاحیت سازی کے لیے اقدامات کریں گے۔ معاہدے کے تحت ہانگ کانگ پاکستان کو کاروباری تنازعات کے حل کے لیے ثالثی اور متبادل حل کے نظام کو فروغ دینے کے لیے تربیت اور تعاون کرے گا۔
علاوہ ازیں ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ ڈیجیٹل گورننس اور ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن میں بھی تعاون کریں گے۔
بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راجا نعیم اکبر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے قانونی شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کروانے ، ادارہ جاتی اصلاحات اور علم کے تبادلے میں معاون ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت دونوں ممالک کے مابین قانونی اور ریگولیٹری تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ پاکستان اور ہانگ کانگ کے قانون و انصاف کے مابین یہ معاہدہ قانونی اصلاحات کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔