– Advertisement –
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے یوم تشکر منانے پر قوم اور علماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتہ تشکر کے طور پر منایا جائے گا اور سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات پاکستان اور سعودی عرب معاہدہ اور پاک، سعودی دوستی کے عنوان پر ہوں گی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے گفتگو کی اور خطبات جمعہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے لیے دعائیں کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے نماز جمعہ کے موقع پر خصوصی دعا بھی کی ۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عالم اسلام کے ستون ہیں، دونوں ممالک کی مضبوطی امت مسلمہ کی مضبوطی ہے۔
– Advertisement –
انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کے لیے درازی عمر اور صحت کی دعا کی اور کہا کہ کامیاب دفاعی معاہدہ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے مملکت خداداد پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور اب پورا عالم اسلام ناقابل تسخیر بنے گا۔وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دور اندیش قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔
– Advertisement –